10 جنوری ، 2013
اسلام آباد … ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا ہے کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ،متحدہ عرب امارات میں ان کی نگرانی جاری ہے، جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ 7 ایجنسیاں مل کر بھی توقیر صادق کو گرفتار نہیں کر سکیں، یہ مکمل ناکامی ہے، آئندہ سماعت پر انہیں گرفتار کر کے پیش کریں، عدالت کو بتایا گیا کہ مشترکہ تحقیقات ٹیم توقیر صادق کی گرفتاری کیلئے آج دبئی روانہ ہوگی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اوگرا عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں توقیر صادق کا پتہ چلا لیا گیا ہے اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ چار ہفتے سے صرف قیاس آرائیاں پرٹرخایاجارہاہے، توقیر صادق کیسے باہر گیا، کوئی اصل بات بتانے کو تیار نہیں،چار ہفتے سے کیس چل رہا ہے کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکی، بادی النظر میں ریاستی ایجنسیوں نے ثابت کیا کہ قانون امیر آدمی کے لیے نہیں۔ پنجاب پولیس کی رپوٹ کے مطابق توقیر صادق کراچی سے بیرون ملک فرار ہوا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نیب ، پولیس اور ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم توقیر صادق کی گرفتاری کیلئے آج دبئی روانہ ہو گی، جسٹس جواد ایس خواجہ نے ہدایت کی کہ دبئی حکام سے پوچھ کر آگاہ کریں کہ توقیر صادق وہاں کیسے پہنچا، مزید سماعت 17 جنوری کو ہو گی۔