'بھارتی میڈیا کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے پاکستانی میڈیا کی بھارت میں موجودگی ضروری ہے'

فوٹو: جیو نیوز اسکرین گرہب فائل
فوٹو: جیو نیوز اسکرین گرہب فائل

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کھیلنے بھارت پہنچ چکی ہے اور بھارتی میڈیا پاکستان اور پاکستانی ٹیم کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کر رہا ہے جس کے مقابلے کے لیے پاکستانی میڈیا کی بھارت میں موجودگی ضروری ہے۔

لندن سے ایک بیان میں سرفراز نواز نے کہا کہ میری وزیر اعظم انوار الحق اور پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف سے درخواست ہے کہ پاکستانی میڈیا ٹیم کو بھارت بھیجاجائے جو بھارتی میڈیا کی سازشوں کا مقابلہ کرنے اور اپنی ٹیم کی مثبت خبروں کو سامنے لائے۔

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز نے کہا کہ بھارتی میڈیا ابھی سے پاکستان مخالف سازشوں میں مصروف ہے جس کا براہ راست مشن ورلڈ کپ پر ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ویزوں کا اجراء تاخیر سے ہوا جبکہ فینز اور صحافیوں کے لیے لیے ابھی کسی پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے بھارتی ویزے ملنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق شائقین کو ویزے دینا لازم ہے،  پی سی بی پاکستانیوں کے لیے بھارتی ویزوں کیلئے آئی سی سی سے بات کرے گا۔

واضح رہے کہ بدھ کو پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کھیلنے بھارت پہنچی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔

مزید خبریں :