28 ستمبر ، 2023
گلگت بلتستان کےحلقہ جی بی ایل اے 13 استور 1کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیا گیا۔
سینیئر سول جج اور ریٹرننگ افسر نے 9 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کیا ہے۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق تحریک انصاف کے محمد خورشید خان نے 6 ہزار 644 ووٹ حاصل کیے، ن لیگ کے فرمان علی نے 5 ہزار 414 ووٹ حاصل کیے، پیپلزپارٹی کے عبدالحمیدخان 4 ہزار 458 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبرپر رہے۔
خیال رہے کہ یہ نشست سابق وزیراعلیٰ خالدخورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔پی ٹی آئی کی جانب سے نااہل وزیراعلیٰ کے والد خورشید خان کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔
ن لیگ کے امیدوار کی درخواست پرچیف الیکشن کمشنر نے اس نشست کا نتیجہ روک دیا تھا، ن لیگ کے امیدوار رانا فرمان نے حلقے میں تعمیراتی کام کے لیے رشوت اور ووٹ حاصل کرنےکے لیے پانی کے پائپ کی تقسیم کا الزام لگایا تھا۔
پی ٹی آئی نے نتائج روکنے کے فیصلے کے خلاف چیف کورٹ گلگت بلتستان سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کا نتائج روکنےکا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔
چیف کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے حتمی نتیجہ جاری کیا ہے جب کہ امیدوار کی کامیابی کا حتمی اعلان اور نوٹیفکیشن کا اجراء ہونا ابھی باقی ہے۔