02 اکتوبر ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا ہےکہ ورلڈکپ کی پرفارمنس کو دیکھ کر مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے کریں گے جب کہ بغیرپرفارمنس سینٹرل کنٹریکٹ 3 سال تک نہیں چلے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں میزبان سید یحییٰ حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا میں بھارت کیسے جاسکتا ہوں ؟ ہمارے شائقین کرکٹ اور صحافی بھارتی ویزے کا انتظار کر رہے ہیں۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ امید ہے بھارتی سرزمین پر بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی پرفارمنس کاریویو کیا، ٹیم میں تبدیلی نہیں کی کیونکہ کپتان بابر اعظم نہیں چاہتے تھے۔
ذکا اشرف نے ورلڈکپ کے حوالے سے اس خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ٹیم اچھی پرفارمنس دے، بس اتنا چاہتا ہوں اسی بات کو مد نظر رکھ کرکپتان بابر اعظم کی ہر بات مانی، انہیں مکمل اعتماد دیا، اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور یہی وقت کا تقاضا تھا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ورلڈکپ کی پرفارمنس کو دیکھ کر مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے کریں گے جب کہ بغیرپرفارمنس سینٹرل کنٹریکٹ 3 سال تک نہیں چلے گا۔
ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ملک میں ہوگی، یا باہر، صورتحال کے مطابق فیصلہ کریں گے، کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کےساتھ2 لیگز کی اجازت ہوگی، کھلاڑیوں کو این او سی دینے کا فیصلہ انضمام الحق نہیں چیئرمین کرے گا، بنا پرفارمنس انضمام الحق کا بیٹا قائداعظم اسکواڈ میں کیسے آیا، یہ چیف سلیکٹر سے پوچھوں گا۔