Time 11 اکتوبر ، 2023
پاکستان

وطن واپسی کیلئے نواز شریف کا سفر آج سے شروع ہوگا

نواز شریف 21 اکتوبر کو ن لیگ کے کارکنوں اور صحافیوں کے ساتھ دبئی سے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے: ذرائع— فوٹو: فائل
نواز شریف 21 اکتوبر کو ن لیگ کے کارکنوں اور صحافیوں کے ساتھ دبئی سے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے: ذرائع— فوٹو: فائل

وطن واپسی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد کا  سفر آج سے شروع ہوگا، نواز شریف لندن سے پہلے سعودی عرب پہنچیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے دبئی سے اسپیشل طیارہ بُک کرائے جانے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف جس خصوصی پرواز سے پاکستان پہنچیں گے اسے ’امید پاکستان‘ کا نام دیا جائے گا اور اس اسپیشل فلائٹ میں تقریباً 150 افراد کی گنجائش ہوگی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے آج لندن سے سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران وہ سعودی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے 17 یا 18 اکتوبر کو دبئی پہنچیں گے، وہاں بھی ان کی کئی ملاقاتیں طے ہیں، وہ دبئی میں 3 دن قیام کے بعد 21 اکتوبر کو لاہور کیلئے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان جانے کیلئے دبئی سے ن لیگ کے کارکنوں اور صحافیوں کے ساتھ روانہ ہوں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی پرواز دبئی سے اسلام آباد پہنچ کر آدھے گھنٹے بعد لاہور کیلئے اڑان بھرے گی جہاں سابق وزیراعظم مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

نواز شریف کی واپسی پر ان کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کی واپسی پر گرفتاری کا کوئی چانس نہیں، پروٹیکٹڈ کسٹڈی اور ٹرانزٹ ضمانت لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں’معیشت کی بحالی بہترین انتقام ہے‘ ن لیگ کا بیانیہ ہوگا، پروجیکٹ عمران کے کرداروں پر سچائی کمیشن ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہتے جس سے انتقام کی بو آئے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف کی واپسی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، وہ 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچ کر مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

مزید خبریں :