15 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کے بیان کوبھارتی میڈیا نے رونا دھونا قرار دے دیا۔
گزشتہ روز مکی آرتھر نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا تھا کہ آج کا میچ آئی سی سی ایونٹ نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ہوم ایونٹ لگا، پاکستان کیلئے نعرے کم ہی لگائے گئے۔
مکی آرتھر نے پریس کانفرنس میں پاکستان کو سپورٹ نہ ملنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں جھوٹ بول رہا ہوں گا اگر میں یہ کہوں کہ ایسا نہیں تھا، میں نے مائیکرو فون سے دل دل پاکستان بھی نہیں سنا، سپورٹ سے فائدہ ہوتا ہے لیکن یہ ہار کی وجہ کے طور پر نہیں کہہ رہا۔
بھارتی میڈیا نے جب مکی آرتھر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے بھارتی بورڈ آفیشل سے گفتگو کی تو ان کا کہنا تھا دل دل پاکستان لگانے میں کوئی نقصان نہیں تھا لیکن آپ ہمیں بتائیں یہ ہم کب چلاتے؟ کیا ہم اس وقت چلاتے جب بابر اور رضوان بولڈ ہوئے ؟ کیا اس وقت چلاتے جب روہت شرما نے شاہین آفریدی کو چھکا مارا تھا، آپ یہ سب اس وقت چلاتے ہیں جب اسٹیڈیم میں فینز ہوں، وہاں ایک بھی پاکستانی فین نہیں تھا۔
پاکستان ٹیم ڈائریکٹر کی پریس کانفرنس پر بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت سے شکست کے بعد مکی آرتھر نے برے طریقے سے رونا دھونا شروع کر دیا ہے، مکی آرتھر نے پریس کانفرنس میں عجیب و غریب ریمارکس دیے، انھوں نے اسٹیڈیم میں ہوم ٹیم کو ملنے والی سپورٹ پر مایوسی کا اظہار کیا اور بھارتی بورڈ کو نشانہ بنا کر پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ پریس کانفرنس میں اس حوالے سے مکی آرتھر نے مزید گفتگو جرمانے کے خوف سے نہیں کی کیونکہ مکی آرتھر کو احساس ہو گیا تھا کہ انہوں نے اپنی حدود سے تجاوز کیا ہے۔