پاکستان
12 جنوری ، 2013

کوئٹہ: گورنر بلوچستان اور خورشید شاہ کے یکجہتی کونسل سے مذاکرات

کوئٹہ: گورنر بلوچستان اور خورشید شاہ کے یکجہتی کونسل سے مذاکرات

کوئٹہ…شدیدسردی اوربارش کے باوجود یکجہتی کونسل کا گزشتہ روز سے شہداء کی میتیں رکھ کر دھرنا جاری ہے۔ گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی اور وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے یکجہتی کونسل کے رہنماوٴں سے ملاقات کی اور ان سے مذاکرات کئے تاہم مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ یکجہتی کونسل کے رہنماوٴں اور لواحقین نے میتوں کی تدفین سے انکار کردیا۔ اس موقع پر ایک صحافی نے گورنر بلوچستان سے سوال کیا کہ اتنے لوگ مارے گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان کہاں ہیں؟ گورنر بلوچستان نے جواب دیا کہ اگر وزیراعلیٰ ہوتے تو مجھے یہاں آنے کی ضرورت نہ پڑتی، میرے اس جواب میں آپ کیلئے بہت سی باتیں پوشیدہ ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم گورنر سے مسلسل رابطے میں ہیں، امن و امان کیلئے ایف سی کو اختیارات دیدیے ہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو کوئٹہ میں تین دھماکوں میں 105سے زائد افراد کی ہلاکت پر ورثاء شدید سرد موسم کے باوجود گزشتہ روز سے شہداء کی میتیں علمدار چوک پر رکھ کر دھرنا دیے ہوئے ہیں۔شہر بھر میں سوگوار کیفیت طاری ہے۔

مزید خبریں :