’خدا غزہ کے بچوں کو مزید درد اور موت سے بچا‘، سوارا بھاسکر بھی ظلم پر خاموش نہ رہ سکیں

انسٹاگرام پر سوارا نے اپنی نوزائیدہ بیٹی رابعہ کو گود میں اٹھائے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنی بیٹی کو کچھ سوچنے کے انداز میں دیکھ رہی ہیں/ فائل فوٹو
انسٹاگرام پر سوارا نے اپنی نوزائیدہ بیٹی رابعہ کو گود میں اٹھائے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنی بیٹی کو کچھ سوچنے کے انداز میں دیکھ رہی ہیں/ فائل فوٹو

بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر بھی فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف بول اٹھیں۔

انسٹاگرام پر سوارا نے اپنی نوزائیدہ بیٹی رابعہ کو گود میں اٹھائے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنی بیٹی کو کچھ سوچنے کے انداز میں دیکھ رہی ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے طویل کیپشن لکھا جس میں انہوں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ اگر ان کی بیٹی کی پیدائش غزہ میں ہوئی ہوتی تو وہ کیسے اپنی بچی کو محفوظ رکھ سکتی تھیں؟

سوارا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا 'کوئی بھی نئی ماں جانتی ہو گی کہ وہ اپنے نوزائیدہ بچے کو  سکون اور خوشی کے احساس کے ساتھ گھورتے ہوئے گھنٹوں گزار سکتی ہے جیسے اسے احساس ہو کہ اس جیسا احساس دنیا کی کسی اور چیز میں نہیں ہے'۔

سوارا بھاسکر نے کہا 'میں مختلف نہیں ہوں اور مجھے یقین ہے کہ مجھ سمیت دنیا بھر کی مائیں جب اپنے بچوں کو دیکھتی ہوں گی تو ان کے ذہنوں میں حالیہ رونما ہونے والے واقعات آتے ہوں گے جنہیں نظر انداز کرنا ناممکن ہے'۔

اداکارہ نے لکھا 'میں اپنی بچی کے سوئے ہوئے پرامن چہرے کو دیکھتی رہتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ اگر وہ غزہ میں پیدا ہوئی ہوتی تو میں اس کی حفاظت کیسے کرتی؟ دعا کرتی ہوں کہ میں خود کو کبھی ایسی کسی حالت میں نہ پاؤں، غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر بچوں کو آسمان تلے مارا جارہا ہے'۔

سوارا بھاسکر نے کہا کہ ‘غزہ میں بچوں، اسپتالوں، امدادی پناہ گاہوں اور عبادت گاہوں پر بلاوجہ بمباری کرنا اور اس سفاکیت پر دنیا کی خاموشی اس بات کا اشارہ ہے کہ ہم تاریکی اور ناانصافی کے دور میں رہ رہے ہیں’۔

بھارتی اداکارہ نے غزہ کے لیے دُعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ‘خدا میری دعا سن لے اور غزہ کے بچوں کو مزید درد اور موت سے بچا کیونکہ دنیا ان کی حفاظت نہیں کرے گی’۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والے حماس کے الاقصی فلڈ آپریشن کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے غزہ سمیت فلسطین کے دیگر علاقوں پر جاری بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4500  سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید خبریں :