Time 26 اکتوبر ، 2023
کھیل

پاکستان کو ہم کمزور نہیں سمجھ سکتے، وہ ٹاپ 4 کی ٹیم ہے : جنوبی افریقی کپتان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باووما کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہم کمزور نہیں سمجھ سکتے، وہ ٹاپ 4 کی ٹیم ہے، ہم ویسا ہی کھیلیں گے جیسا کھیلتے آ رہے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں نے جمعہ کو ورلڈکپ کے اہم میچ میں چنئی میں مدمقابل آنا ہے۔

میچ سے قبل جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باووما  نے کہا کہ پاکستان کی اسٹرینتھ اور کمزوریوں کا تجزیہ کیا ہے، ہم ویسا ہی کھیلیں گے جیسا کھیلتے  آرہے ہیں،کوشش کریں گے کہ پاکستان کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے پاکستان خطرناک ٹیم ہے،  پاکستان اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلا، ہوسکتا ہے کل وہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلے۔

جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کل فائنل الیون کا فیصلہ کریں گے،  کنڈیشنز کے مطابق ہی اسکور کے بارے میں ذہن بناتے ہیں،  ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ ہم ٹورنامنٹ میں بہتر سے بہتر پرفارم کریں۔

ٹمبا باووما کا کہنا تھا کہ ہم نے اب تک پہلے بیٹنگ میں اچھا پر فارم کیا ہے، کوشش کریں گے کہ پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کریں یا بعد میں، مائنڈ سیٹ ایک کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہم کمزور نہیں سمجھ سکتے، وہ ٹاپ 4کی ٹیم ہے، پاکستان ٹیم کی بری فارم کا ہمیں فائدہ ہوگا مگر ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا، وہ ایک دن اگر خراب کھیلتی ہے تو اگلے روز بہت خطرناک بھی ہوتی ہے ۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم 14 اکتوبر کو بھارت، 20 اکتوبر کو آسٹریلیا اور پھر 23 اکتوبر کو افغانستان سے شکست کے بعد ورلڈکپ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے راستے دشوار کر چکی ہے۔

پاکستان اب  کل اپنا اگلا میچ چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا۔

مزید خبریں :