انڈسٹری کے لوگوں نے کہا اپنے والد کیخلاف بیان دیدو تمہیں فائدہ ہوگا: اذان سمیع خان کا انکشاف

انڈسٹری کے نامور لوگوں نے مجھ سے اس قسم کے سوالات کیے کہ کیا تم اپنے والد عدنان سمیع سے ملتے ہو؟ گلوکار کی گفتگو__فوٹو: فائل
انڈسٹری کے نامور لوگوں نے مجھ سے اس قسم کے سوالات کیے کہ کیا تم اپنے والد عدنان سمیع سے ملتے ہو؟ گلوکار کی گفتگو__فوٹو: فائل

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری کے کئی معروف لوگوں نے انہیں والد پر تنقید کرنے کا کہا۔

اذان سمیع خان نے اداکار احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اداکار سے ان کی زندگی اور کام کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

میوزک پر بات کرتے ہوئے اذان سمیع نے کہا کہ میرے والد عدنان سمیع اور والدہ زیبا بختیار کے درمیان علیحدگی کا سب کو علم ہے، اپنی والدہ کا خیال رکھتے ہوئے پہلے میں گھر میں میوزک نہیں بجایا کرتا تھا کہ کہیں انہیں میوزک ان کے ماضی میں نہ لے جائے،  اور پھر وہ برے دن یاد کریں۔

اداکار نے کہا  یہ میری والدہ ہی تھیں جو مجھے میوزک کی طرف لے کر آئیں،جنہوں نے مجھے اپنے والد کی موسیقی سننے پر مجبور کیا اوربتایا کہ موسیقی سے میری محبت ٹھیک ہے اور مجھے اپنے والد کی موسیقی سے واقف ہونا چاہیے۔

اداکار نے مزید بتایا کہ انڈسٹری کے نامور لوگوں نے مجھ سے اس قسم کے سوالات کیے کہ کیا تم اپنے والد عدنان سمیع سے ملتے ہو؟ جس پر مجھے کافی حیرانی ہوئی کہ ظاہر ہے وہ میرے والد ہیں اور میں نے ان سے کبھی تعلق ختم نہیں کیا۔

اذان سمیع خان نے انکشاف کیا کہ کئی لوگوں نے مجھے کہا کہ اپنے والد اور بھارت کے خلاف بیان دے دو، اس سے تمہارے کیرئیر کو فائدہ ہوگا، لیکن میں ایسا نہیں کرسکتا تھا کیونکہ وہ میرے والد ہیں اور میری تربیت میں ایسا نہیں ہے کہ اپنے والدین کے خلاف غلط بات کروں۔

مزید خبریں :