30 اکتوبر ، 2023
اسلام آباد: نگران وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کارپوریشن کی نجکاری کو نجکاری پروگرام سے نکالنےکی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ کابینہ نے تاجکستان اور پاکستان کے درمیان تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کی منظوری دے دی ہے، یہ منظوری صنعتی اشیاء اور خدمات کے شعبے میں درآمدات و برآمدات بڑھانےکے لیے ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملزکارپوریشن کی نجکاری کو نجکاری پروگرام سے نکالنےکی منظوری بھی دی گئی، کابینہ نے وزارت صنعت و پیداوار کو آئندہ کا لائحہ عمل تجویزکرنےکی ہدایت کی ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو اسپاٹ مارکیٹ سے پبلک پروکیورمنٹس رولز سے استثنیٰ کی منظوری دی گئی ہے، ایل این جی کے حصول کے لیے یہ استثنیٰ جنوری 2024ء سے جون 2024ء تک کے لیے ہے، سوئی سدرن کو بھی پبلک پروکیورمنٹس رولز سے استثنیٰ کی منظوری دی گئی ہے، سوئی سدرن کو دو ہزار ایم ٹی اسپاٹ ایل پی جی کارگو کے حصول کے لیے استثنیٰ دیا گیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ کابینہ نے حج پالیسی 2024ءکی منظوری دے دی ہے، آئندہ سال 1 لاکھ 79 ہزار 210 افراد فرائض حج سرانجام دے سکیں گے، کوٹے کو سرکاری اور پرائیویٹ اسکیم میں برابر تقسیم کیا گیا ہے، 25 ہزار عازمین حج اسپانسر شپ اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کر سکیں گے، عازمین کی سہولت کے لیے 20 سے 25 دنوں کے قیام کا بھی حج پیکج متعارف کرایا جائےگا۔