Time 02 نومبر ، 2023
پاکستان

کراسنگ پوائنٹس پر خواتین اور بچے بائیو میٹرک سے مستثنیٰ ہونگے: وزیر داخلہ

ہدایت کی ہے کہ وطن واپس جانے والوں کے ساتھ انتہائی عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے: سرفراز احمد بگٹی/ فائل فوٹو
ہدایت کی ہے کہ وطن واپس جانے والوں کے ساتھ انتہائی عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے: سرفراز احمد بگٹی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کراسنگ پوائنٹس پر سہولت کیلئے خواتین اور بچوں کوبائیو میٹرک سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی سے افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور اور افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور ہدایت کی ہے کہ وطن واپس جانے والوں کے ساتھ انتہائی عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پروف آف رجسٹریشن اور افغان اسٹیشن کارڈ کے حامل افراد کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی اور اس سلسلے میں کسی کوتاہی اور بدتمیزی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ میں اس ضمن میں کنٹرول سینٹر اور ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے جس کیلئے افغان سفارتخانہ ایک نمائندہ مقرر کرے جو شکایات کے فوری حل کیلئے کنٹرول سینٹر سے ہمہ وقت رابطہ میں رہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کراسنگ پوائنٹس پر سہولت کیلئے خواتین اوربچوں کو بائیو میٹرک سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

مزید خبریں :