02 نومبر ، 2023
نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آپریشن ان لوگوں کے خلاف ہو رہا ہے جن کے پاس کوئی بھی سفری دستاویز نہیں ہے۔
جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر پاکستان میں رہنے والے اور پناہ گزین افغان باشندے ہمارے بھائی ہیں، ڈی پورٹ صرف غیرقانونی افغان باشندوں کو کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران کسی نے بھی کسی کو ہراساں کیا تو اُس کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ 31 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو واپس اپنے وطن جانے کیلئے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد غیرقانونی باشندوں کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اب تک پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم ایک لاکھ 40 ہزار 322 افراد اپنے ممالک واپس جاچکے ہیں اور یہ تمام افراد رضا کارانہ طور پر اپنے ملک واپس گئے۔