07 نومبر ، 2023
پاکستان کے سابق کرکٹرز کا ماننا ہے کہ کسی ٹیم کی شکست میں کپتان کے غلط فیصلے شامل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے کپتان پر زیادہ تنقید کی جاتی ہے۔
سابق فاسٹ بولر محمد عامر ، عماد وسیم اور سابق کرکٹر عبد الرزاق کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے۔
اس دوران شو میں شریک ایک لڑکے نے کرکٹرز سے سوال کیا کہ ا گر پاکستان ٹیم کوئی میچ جیتے تو کہا جاتا ہےکہ پاکستان میچ فخر کی وجہ سے جیتا یا پھر شاہین کی وجہ سے لیکن اگر پاکستان ٹیم کوئی میچ ہار جائے تو کہا جاتا ہے کہ بابر کی وجہ سے ایسا ہوا؟ ایسا کیوں؟
مداح کے سوال کے جواب میں عماد وسیم نے کہا کہ کیوں کہ اس میں سچائی ہے، بابر ٹیم کا کپتان ہے تو بابر کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا، پاکستان کی شکست پر بھارتی کپتان پر تو تنقید نہیں کی جاسکتی۔
عماد وسیم نے کہا کہ اسی طرح اگر بھارت کوئی میچ ہارے تو روہت شرما، پاکستان ہارے تو بابر اعظم اور آسٹریلیا ہارےتو آسٹریلوی کپتان پر تنقید ہوتی ہے۔
دوسری جانب عامر نے کہا کہ ایسا اس لیے کہ بابر ٹیم کا کپتان ہے اس لیے اس پر تنقید کی جاتی ہے، جب کوئی بھی ٹیم میچ ہارتی ہے تو اس ٹیم کے کپتان کے کچھ غلط فیصلوں کی وجہ سے ہارتی ہے اور مداح ہی ہیں جو ہربیٹرز اور بولرز کی غلطیوں کو بتاتا ہے، یہی وجہ ہے کپتان کو بطور لیڈر شکست کے بعد زیادہ ڈسکس کیا جاتا ہے۔