14 جنوری ، 2013
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے کینیڈا کے ہائی کمشنر گریگ جیوکس نے ملاقات کی، رحمان ملک کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکومت طاہر القادری کی فنڈنگ کا ذریعہ جاننے میں مدد کرے۔ رحمان ملک اور کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفت گو بھی کی۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ انہوں نے گریگ جیوکس کو کینیڈین شہری طاہر القادری کو ملنے والی دھمکیوں اور حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سیکیورٹی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جاننا چاہ رہے ہیں کہ طاہر القادری کوکون فنڈنگ کر رہا ہے، منہاج القرآن مذہبی تنظیم ہے، سیاسی سرگرمیاں نہیں کرسکتی۔ رحمان ملک نے کہا کہ کینیڈین حکومت بین الاقوامی قوانین کے تحت طاہر القادری کی فنڈنگ کا ذریعہ جاننے میں مدد کرے۔ کینیڈین ہائی کمشنر گریگ جیوکس کا کہنا تھا کہ کینیڈا پاکستان میں جمہوری عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے، امید ہے پاکستان میں الیکشن بروقت اور آزادانہ ہوں گے۔