میرے خون سے 70 سالہ والد کی جسمانی عمر 46 سال ہوگئی، ایک کروڑ پتی شخص کا دعویٰ

برائن جانسن / انسٹاگرام فوٹو
برائن جانسن / انسٹاگرام فوٹو

ہر عمر میں جوان رہنے کا خواب تو متعدد افراد دیکھتے ہیں، مگر بہت کم ایسے ہوتے ہیں جو اس کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

46 سالہ برائن جانسن ایسا کر رہے ہیں۔

برائن جانسن ایک بائیو ٹیک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور وہ اپنے جسم کو 18 سال کی عمر جیسا بنانا چاہتے ہیں۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے 70 سالہ والد کو بھی جوان بنانے کے خواہشمند ہیں۔

تو اپنے والد اور خود کو جوان رکھنے کے لیے برائن جانسن نے کافی منفرد طریقہ کار اپنایا۔

انہوں نے اپنے خون کو والد کے جسم میں منتقل کیا اور اپنے نوجوان بیٹے کے خون کو اپنے جسم میں منتقل کرایا۔

یہ عمل مئی میں ہوا تھا اور اب 6 ماہ بعد برائن جانسن نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے 'سپر بلڈ' کی بدولت ان کے والد کی جسمانی عمر میں 25 سال کی کمی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خون کا پلازما والد کے جسم میں منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد 70 سالہ شخص کی جسمانی عمر 46 سال ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ والد کی عمر کا تعین طبی تجزیے سے کیا گیا، مگر یہ واضح نہیں کیا کہ اس کے لیے کیا معیار مدنظر رکھا گیا۔

برائن جانسن کافی عرصے سے ہمیشہ جوان رہنے کے لیے بلیوپرنٹ نامی ایک پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔

اس پراجیکٹ کے لیے وہ سالانہ 20 لاکھ ڈالرز خرچ کر رہے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ عمر کو ریورس کرنے کی کنجی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

اس پراجیکٹ پر 2021 سے کام ہو رہا ہے۔

جنوری میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹروں کے ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ 46 سالہ برائن جانسن کے دل کی عمر 37 سال اور جِلد کی عمر 28 سال کے فرد جتنی ہوچکی ہے جبکہ پھیپھڑوں کی گنجائش 18 سالہ نوجوان جیسی ہوگئی ہے۔

ابھی یہ پروگرام تجرباتی مرحلے سے گزر رہا ہے اور اس میں مسلسل تبدیلیاں لائی جارہی ہیں مگر برائن جانسن کے لیے غذا، سپلیمنٹس، ورزش اور جسمانی ٹیسٹوں کے معمولات کو طے کیا گیا ہے۔

برائن جانسن صبح 5 بجے دن کا آغاز 2 درجن سپلیمنٹس سے کرتے ہیں جبکہ ان کی خوراک ٹھوس اور نرم غذاؤں پر مشتمل ہوتی ہے۔

مجموعی طور پر دن بھر میں 1977 کیلوریز کا استعمال کرتے ہیں، روزانہ ورزش کرتے ہیں جبکہ ہفتے میں 3 بار سخت ورزشیں کرتے ہیں۔

ہر ماہ متعدد جسمانی ٹیسٹ بھی ہوتے ہیں۔

برائن جانسن نے بتایا کہ 'میں جو کچھ کررہا ہوں وہ انتہا پسندی محسوس ہوتا ہے مگر میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہوں کہ میرا خواب ممکن ہے'۔

مزید خبریں :