18 نومبر ، 2023
لاہور: احتساب عدالت آشیانہ اقبال ریفرنس میں (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے آشیانہ اقبال کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر 10 ملزمان کو ریفرنس سے بری کردیا۔
شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس 2018 میں دائر کیا گیا تھا جس میں بیورو کریٹس بھی نامزد تھے۔
عدالت نے اس ریفرنس میں جن تمام ملزمان کو بری کیا ان میں شہباز شریف کے علاوہ فواد حسن فواد، احد چیمہ، شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر، اسرار سعید اور عارف بٹ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عدالت دو مرکزی ملزمان ندیم ضیاء اور کامران کیانی کو پہلے ہی ریفرنس سے بری کرچکی ہے۔
واضح رہےکہ آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب نے کہا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے اس میں 61 کروڑ روپے جمع کرائے تھے، کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا، عدالت نے اس ریفرنس میں 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔