16 جنوری ، 2013
اسلام آباد … چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہر میں ڈھول بج رہا ہے کہ سپریم کورٹ کیس نہ سنے، چاہے آسمان گر جائے، عدالت آئین و قانون کے مطابق انصاف فراہم کرتی رہے گی۔ سپریم کورٹ میں ایک مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر یاسین آزاد ایڈووکیٹ میں مکالمہ ہوا، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ شہر میں ڈھول بج رہا ہے کہ عدالت کیس نہ سنے، آپ بتائیں کہ کیا عدالت کو مقدمات نہیں سننے چاہئیں۔ یاسین آزاد کا کہنا تھا کہ عدالت کو مقدمات سنتے رہنا چاہئے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کو کچھ پتہ نہیں اور وہ عدالتی فیصلے پر تبصرے کر رہے ہیں، ہمیں کوئی غرض نہیں کہ باہر کیا ہو رہا ہے، ہمیں کسی کی تصدیق کی نہیں، اللہ کے فضل کی ضرورت ہے، ججز نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ یاسین آزاد کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پڑھے بغیر کسی کو تبصرے نہیں کرنے چاہئیں۔