Time 26 نومبر ، 2023
جرائم

لاہور: کم عمر ڈرائیورکی تیز رفتاری کا جنون، جھگڑے پر فائرنگ سے لڑکی جاں بحق

لاہور میں تیز  رفتاری کا جنون زندگیاں نگلنے لگا ہے، چوہنگ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کم عمر  ڈرائیور  نے پہلے اپنی گاڑی سے ایک کار کو  ٹکر ماری، غلطی ماننےکے بجائے تلخ کلامی پر اتر آیا، اپنے ماموں کو بلالیا  جس نے گاڑی پر گولی چلادی،گولی لگنے سے لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

واقعہ 4 نومبر کو پیش آیا، فائرنگ سےگولی میڈیکل کالج کی طالبہ کو لگی جو ایک ہفتے بعد 12 نومبر کو  انتقال کرگئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ڈرائیور نے 28 نومبر تک ضمانت قبل از گرفتاری  بھی کرالی، اب پولیس کو گرفتاری کے لیے ضمانت منسوخی کا انتظار ہے۔

طالبہ کے گھر والوں نے انصاف کے لیے نگران وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کہا ہےکہ ملزمان بااثر ہیں، صلح کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

چوہنگ واقعےکی سی سی ٹی وی ویڈیو  بھی سامنے آئی ہے جب کہ عینی شاہدین کے دل دہلا دینے والے بیان بھی سامنے آئے ہیں۔

نجی سوسائٹی کے گارڈز  نے جیو نیوز کو بتایا کہ کم عمر ڈرائیور  زگ زیگ کرتا ہوا مقتولہ کی گاڑی کے پیچھے سوسائٹی میں داخل ہوا، کچھ دیر بعد ہی فائرنگ کی آواز آئی ، سوسائٹی کے گیٹ بھی ملزمان نے اسلحے کے زور  پر بند کروائے۔

گارڈز نے بتایا کہ  مقتولہ کے گھر والے زخمی طالبہ کو اسپتال منتقل کرنےکے لیے سوسائٹی کا گیٹ کھولنے کے لیے منتیں کرتے رہے ، ملزمان نے زخمی بچی کے والد کو تھپڑ بھی مارے ، کہتے رہے جھوٹ بول رہے ہو ، دکھاؤ جہاں گولی لگی، باپ نے اپنی بیٹی کا خون دکھایا تو ملزمان نے انہیں جانے دیا،کچھ دیر بعد ملزمان بھی فرار ہوگئے۔

یاد رہے کہ  اس سے پہلے 12 نومبر کو بھی لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ایک کم عمر ڈرائیور نے گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کو ہلاک کردیا تھا ۔

مزید خبریں :