30 نومبر ، 2023
صدر مملکت عارف علوی نے ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 4آرڈیننس جاری کر دیے ہیں۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) ترمیمی آرڈیننس 2023، پاکستان پوسٹل سروسز منیجمنٹ بورڈ ترمیمی آرڈیننس 2023، نیشنل شپنگ کارپوریشن ترمیمی آرڈیننس 2023 اور براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ترمیمی آرڈیننس 2023 جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق متعلقہ اداروں کے سیکرٹریز نے صدرمملکت کو ان آرڈیننسز کو فوری جاری کرنے کے متعلق بریفنگ دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت آرڈیننس جاری کیے گئے۔آرڈیننس فوری طور پر جاری کیے کیونکہ آئی ایم ایف سے حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کےلیے قانون میں ترامیم کا معاہدہ ہوا تھا۔
اعلامیے کے مطابق قانون میں ان ترامیم سے حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر اور شفاف ہوگی۔یہ ترامیم آئی ایم ایف سے معاہدے کا حصہ ہیں۔ان ترامیم کے بعدان اداروں میں بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو الگ الگ ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان اداروں کے بورڈز میں آزاد ممبران کا تقرر کیا جائے گا جن ممبران کو تعیناتی کی مدت کی ضمانت دی جائے گی۔ان اداروں کی کارکردگی رپورٹ وزارت خزانہ میں قائم سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کو بھجوائی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق بورڈز سالانہ بزنس پلان سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کو بھجوائیں گے۔ان اداروں کے بورڈز کو اپنی رپورٹ پبلک کرنے کا پابند کردیا گیا ہے۔سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ ان اداروں کی کارکردگی رپورٹ کابینہ کمیٹی کو بھجوائے گا۔