Time 04 دسمبر ، 2023
دنیا

اسرائیل حماس جنگ، رفح کراسنگ سے دوہری شہریت والے 871 افراد مصر پہنچ گئے

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

مصری حکام نے تصدیق کردی ہے کہ عارضی جنگ بندی کے خاتمے اور غزہ پر دوبارہ اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد 871 دوہری شہریت کے حامل شہری رفح کراسنگ کے رستے مصر پہنچ گئے ہیں۔

مصری حکام نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کے روز مصر پہنچنے والے دوہری شہریت کے حامل شہریوں میں 17 امریکی اور 130 ترک شہریت کے حامل افراد شامل ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ مصر پہنچنے والے دوہری شہریت کے حامل افراد میں مصر، جنوبی افریقا، جرمنی، کینیڈا، آسٹریلیا اور ڈنمارک کے  شہری بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز رفح کراسنگ کے ذریعے 13 فلسطینی زخمی بھی مصر پہنچے ہیں۔

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق رفح کراسنگ سے اتوار کو امدادی سامان کے 100 ٹرک بھی غزہ میں داخل ہوئے، 21 اکتوبر سے 30 نومبر تک امدادی سامان لے کر 2 ہزار 538 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔

خیال رہے کہ عارضی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر شروع کیے گئے جارحانہ حملوں میں اب تک 700 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد سے اسرائیل کی غزہ اور دیگر قابض علاقوں پر بدترین بمباری جاری ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے گنجان آباد جنوبی حصوں پر حملے کیے جا رہے ہیں جہاں  جبری انخلا کے بعد فلسطینیوں کی اکثریت پناہ لیے ہوئے ہیں، صیہونی فورسز کی جانب سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے غزہ کے اسپتالوں کی صورتحال کو 'ناقابل تصور' قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی غزہ میں نصراسپتال کے حالات ناقص سے بھی بدتر ہیں، اسپتال میں گنجائش سے تین گنا زائد مریض موجود ہیں، مریضوں کا علاج زمین پر کیا جارہا ہے اور مریض درد سے چیخ رہے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت نے ہزاروں بچوں کا بچپن چھین لیا ہے، غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری سے کہیں بچے والدین تو کہیں والدین بچوں سے بچھڑ گئے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد ملبے سے ریسکیو کیے گئے زخمی بھائی بہن کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں زخمی بہن بار بار اپنے زخمی بھائی سے اپنے خاندان کی خیریت کے بارے میں پوچھ رہی ہے لیکن بھائی کے پاس زخمی بہن کے سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے۔

مزید خبریں :