05 دسمبر ، 2023
سعودی مجلس شوریٰ کے ارکان نے شادی سے قبل طبی معائنے میں ڈرگ ٹیسٹ کو بھی شامل کرنےکی تجویز دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ کے ارکان شہزادی ڈاکٹر الجوہرہ بنت فہد آل سعود، ڈاکٹر ایمان الجبرین، ڈاکٹر عبد الرحمان الراجحی، ڈاکٹرمحمد الجربا، محمد المزید اور ڈاکٹر ہادی الیامی نے یہ تجویز پیش کی۔
تجویز میں کہا گیا کہ نشہ آور اشیاء کے استعمال سے طلاق کی شرح بڑھ رہی ہے اور خاندانوں کا شیرازہ بکھر رہا ہے، مجلس شوریٰ کی ذمہ داری ہےکہ معاشرے کو نشے جیسی آفت سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
ارکان شوریٰ کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل طبی معائنے میں نشہ آور اشیاء کے استعمال سے پاک ہونےکا پتہ لگایا جانا ضروری ہے، اسے بھی ٹیسٹ کا حصہ بنایا جائے، اس سے نوجوانوں میں آگہی پیدا ہوگی اور یہ اقدام نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے میں معاون بنےگا۔