09 دسمبر ، 2023
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ غیر قانونی افغانوں کی پاکستان میں قیام کی حمایت نہیں کر سکتے،
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے پختون ایک ہیں مگر اس کی آڑ میں کسی غیرقانونی عمل کی حمایت نہیں کر سکتے۔
ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ریاست کی ویزا پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، اب جو بھی پاکستان آئے گا، کاغذات کے ساتھ آئے گا۔
واضح رہے کہ اے این پی رہنما ایمل ولی خان کا تفصیلی انٹرویو ہفتے کی رات دس بجے جیو نیوز پر نشر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیرقانونی باشندوں کو اپنے ملک واپس بھیجنے کا سلسہ جاری ہے، اب تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی غیر ملکی باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار 452 سے زائد ہوچکی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ دو روز قبل پشاور میں قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، ایسے غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع ترمفاد میں کیا ہے۔