Time 09 دسمبر ، 2023
پاکستان

آئی پی پی کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی یا نہیں؟ ن لیگی رہنماؤں کے متضاد بیانات

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کافیصلہ ہو چکا ہے یا نہیں اس معاملے پر ن لیگی رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین کے درمیان ہونے ملاقات کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں جماعتوں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر اتفاق کرلیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے بھی دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں سیٹ ایڈجسمنٹ کے معاملے پر اتفاق کی تصدیق کردی تھی۔

تاہم ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہباز شریف اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر اصولی اتفاق  ہوگیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف اکثریت حاصل کرنا نہیں بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ آنے والی حکومت کی پشت پر وسیع البنیاد تائید موجود ہو، تمام جماعتوں کی طاقت جمع کریں گے جو  کہ ن لیگ کے ایجنڈے کی حمایت کریں گی۔

دوسری جانب سینیئر ن لیگی  رہنما طلال چوہدری نے دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نہیں ہوا تاہم ن لیگ کے بیانیے میں کوئی ابہام نہیں ہے، احتساب کے بغیر ریاست آگے نہیں بڑھ سکتی،  ن لیگ کے بیانیے کا مرکز عام آدمی کے مسائل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ سے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ انہیں ہی ملے گا۔

ادھر استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے بھی دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں آئی پی پی کے بغیر الیکشن نہیں جیت سکتی۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی ہے، ابھی پہلی ملاقات ہوئی ہے اور معاملات بہت ابتدائی نوعیت کے ہیں۔

مزید خبریں :