Time 09 دسمبر ، 2023
کھیل

کرکٹ ورلڈکپ فائنل اور سیمی فائنل کی پچز اوسط درجے کی قرار

کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل بھارت اور آسٹریلیا جبکہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ فوٹو فائل
کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل بھارت اور آسٹریلیا جبکہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ فوٹو فائل

آئی سی سی نے بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل اور دوسرے سیمی فائنل میں استعمال ہونے والی پچز کو اوسط درجے کی قرار دیدیا۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 19 نومبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جبکہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان 16 نومبر کو کولکتہ میں کھیلا گیا تھا، دونوں میچوں میں آسٹریلیا نے کامیابی سمیٹی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فائنل میچ کی وکٹ کو میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے اوسط درجے کی قرار دیا جبکہ سیمی فائنل کی پچ کو سابق بھارتی فاسٹ بولر اور میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے اوسط درجے کی قرار دیا۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان فائنل میچ کے لیے پہلے سے استعمال شدہ وکٹ استعمال کی گئی تھی اور اطلاعات کے مطابق آسٹریلیا نے اس پر اعتراض بھی اٹھایا تھا کہ یہ وکٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 اکتوبر کو کھیلے گئے میچ میں بھی استعمال کی گئی تھی۔

گوکہ میچ سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے احمد آباد کی وکٹ کو اچھا قرار دیا تھا لیکن سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا تھا کہ میزبان ملک کی جانب سے تیار کی گئی وکٹ الٹا ان کے گلے پڑ گئی۔

مزید خبریں :