10 دسمبر ، 2023
سابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے بلاول بھٹو کی تنقید پر ردِ عمل دہتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی چیئرمین کی اصل تکلیف یہ ہے کہ اس بار ان کی سندھ میں آسانی سے سلیکشن نہیں ہوگی۔
اتوار کو کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا تھا کہ سیاستدانوں کے الیکشن لڑنے کے مقاصد ذاتی ہیں، الیکشن میں کوئی کھلاڑی اور نہ کوئی اور ہمارا مقابلہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے مخالفین کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک الیکشن اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے نکل جائے اور دوسرا اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے بچ جائے لیکن میں عوام کے مسائل کےحل کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں۔
بلاول کی تنقید پر سابق وزیر مملکت اور مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اس بار شفاف الیکشن ہوگا ، جن کی حکومت آئے گی ن لیگ ان سے مل کر کام کرے گی ، بلاول کو مستقبل میں سندھ کے معاملات پر ن لیگ سے بات کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں ہمیشہ سلیکشن ہوئی ، کبھی کارکردگی کی بنیاد پر وزیراعلیٰ نہیں بنا، بلاول بھٹو کی اصل تکلیف یہ ہے کہ اس بار ان کی سندھ میں آسانی سے سلیکشن نہیں ہوگی ۔