Time 21 دسمبر ، 2023
جرائم

پشاور: اطالوی سیاح کی خودکشی کی تصدیق، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

غیرملکی سیاح کو کسی نے مارا نہیں ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ اطالوی سیاح نے خود کشی کی ہے: پولیس/ فوٹو جیونیوز
غیرملکی سیاح کو کسی نے مارا نہیں ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ اطالوی سیاح نے خود کشی کی ہے: پولیس/ فوٹو جیونیوز

پشاور: غیر ملکی اطالوی شہری کی مبینہ خودکشی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اطالوی سیاح کی خودکشی کی تصدیق ہوئی ہے اور رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اطالوی شہری جوشوا موائسز ورگاس کی موت لٹکنے سے ہوئی، اس کی گردن کے گرد پھندے کا نشان پایا گیا جب کہ دائیں کان کے نیچے پھندے کی گرہ تھی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پھندے کے نیچے گردن کا پٹھا زخمی ہوا، گردن کی ہڈی بائیں جانب سے فریکچر ہوئی، متوفی کی شرٹ پرخون کے نشانات پائے گئے، لاش سڑنے اور منہ کی سوجن ایڈوانس اسٹیج پر تھی، ہاتوں کے انگوٹھے سیاہی مائل اور نیلا رنگ اختیار کرچکے تھے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اطالوی شہری ٹینشن میں گولیاں استعمال کرتا تھا، متوفی کی دستاویزات، موبائل سمز اور دیگر سامان پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سیاح کو کسی نے مارا نہیں ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ اطالوی سیاح نے خود کشی کی ہے۔

واضح رہے کہ 3 دسمبر کو اطالوی شہری کی مبینہ خودکشی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

مزید خبریں :