کاروبار
Time 22 دسمبر ، 2023

سوئی ناردرن نے صارفین پر اربوں روپےکے اضافی ماہانہ فکسڈ چارجز لگا دیے

ماہانہ فکسڈ چارجز حکومت کی منظوری سے شامل کیے گئے ہیں: سوئی ناردرن حکام/ فائل فوٹو
ماہانہ فکسڈ چارجز حکومت کی منظوری سے شامل کیے گئے ہیں: سوئی ناردرن حکام/ فائل فوٹو

لاہور: سوئی ناردرن گیس نے صارفین پر اربوں روپے کے اضافی ماہانہ فکسڈ چارجز لگا دیے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا نے خاموشی سے فکسڈ چارجز وصولی کی اجازت دے دی ہے اور فکسڈ چارجز نومبر کے گیس بلوں میں شامل کرکے بل جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ 0.9 ہیکٹا میٹر گیس استعمال والے پروٹیکٹڈ صارفین ماہانہ 400 روپے فکسڈ چارجز دیں گے جب  کہ 1.5ہیکٹا میٹر تک استعمال والے نان پروٹیکٹڈ صارفین ایک ہزار روپے اضافی بل دیں گے۔

اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس حکام کا کہنا ہےکہ ماہانہ فکسڈ چارجز حکومت کی منظوری سے شامل کیے گئے ہیں، یہ صارفین سے زیادتی ہے لیکن ہم مجبور ہیں۔

سوئی گیس حکام نے کہا کہ صارفین اس فکسڈ چارجز کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرسکتے ہیں، اندازہ ہےکہ صارفین سے لیے جانے  والے یہ سالانہ 60 سے 70 ارب روپے بنتے ہیں۔

سوئی ناردرن گیس نے کہا ہے کہ گیس ٹیرف اور اس کے تحت عائد ہونے والے کسی بھی قسم کے چارجز اوگرا کی جانب سے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نافذ کیے جاتے ہیں۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس اوگرا اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر اپنے طور پر صارفین سے کسی قسم کے چارجز وصول نہیں کرتا۔