19 جنوری ، 2013
لاہور…پاکستان فلم انڈسٹری میں40سال تک اداکاری کے جوہر دکھانے والے جنگجو ہیرو لالہ سدھیر کوہم سے بچھڑے 16سال بیت گئے ہیں۔ یہ عظیم فنکار آج بھی اپنے پرستاروں کے دلوں میں بسا ہے۔1922ء میں لاہور میں پیدا ہونے والے سدھیر کا اصل نام شاہ زمان خان تھا، یہ ستارہ1946ء میں فلم نگرکے آسمان پر جگمگایا اورپھر1976ء تک اس کی آب وتاب میں کمی نہ آئی۔انہوں نے پہلی مرتبہ برصغیر کی فلم اسکرین پر ایکشن اور بڑھک کو رواج دیا۔فلم انڈسٹری میں انہیں پیارسے لالہ سدھیر کے نام سے پکاراجاتارہا،ابتداء میں سدھیر اردو فلموں کے ہیرو تھے۔ مگر ماہی منڈا کے ہٹ ہونے کے بعدوہ پنجابی فلموں کے لئے کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے لگے۔پاکستان فلم انڈسٹری کے بانیوں میں شمار ہونے والے لالہ سدھیرنے اپنے 40سالہ فلمی کیریئر میں تقریباً پونے دو سو کے لگ بھگ فلموں میں ہیرو اورکریکٹر رولز کئے۔