31 دسمبر ، 2023
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن (پی او اے) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے عارف حسن کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے سابق ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اور پی او اے کے نائب صدر عابد علی قادری کو اگلے الیکشنز تک قائم مقام صدر منتخب کرلیا۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اتوار کو سینیئر نائب صدر سید عاقل شاہ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں 25 اراکین نے شرکت کی جس میں سے 23 نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن کے استعفے کی منظوری کے حق میں ووٹ دیا۔
پی او اے کے آئین کے مطابق صدر کے خالی عہدے پر عارضی چارج کیلئے قائم مقام صدر کا انتخاب ہو ا اور اراکین نے سینیئر ممبر اور نائب صدر عابد علی قادری کو قائم مقام صدر منتخب کرلیا جبکہ ان کے حق میں 23 اراکین نے ووٹ دیے۔
پی او اے کے مطابق وہ اولمپکس ایسوسی ایشن کے اگلے انتخابات تک اس عہدے پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
عابد علی قادری پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں جبکہ 2016 میں وہ ڈی کی ایف آئی کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں، سید عابد علی قادر نے پنجاب پولیس اور آئی بی میں بھی سینیئر عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے اگلے انتخابات 2024 کی آخری سہ ماہی میں شیڈولڈ ہیں۔
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عارف حسن کی بطور صدر پی او اے خدمات کی تعریف کی گئی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
واضح رہے کہ عارف حسن نے گزشتہ دنوں خرابی صحت کی بنیاد پر پی او اے کی صدارت سے استعفی دے دیا تھا ۔وہ انیس سال تک پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی صدارت کے منصب پر فائز رہے تھے۔