Time 08 جنوری ، 2024
پاکستان

ویڈیو: بلاول کی سپریم کورٹ کے دروازے پر لطیف کھوسہ سے اتفاقیہ ملاقات، جملہ بھی کسا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سپریم کورٹ کے دروازے پر اپنے پرانے پارٹی رہنما اور وکیل لطیف کھوسہ سے ملاقات ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ کے داخلی دروازے پر پہنچے تو ان کی ملاقات پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ سے ہوئی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ سے گرمجوشی سے بغل گیر ہوئے  اور لطیف کھوسہ کو دیکھ کر بلاول نے قہقہہ لگا کر کہا "دیکھو دیکھو مجھے کون نظر آیا"۔

بلاول بھٹو زرداری اور لطیف کھوسہ نے ایک دوسرے کا مختصراً  حال احوال پوچھا، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور لطیف کھوسہ بھی بلاول بھٹو کو دیکھ کر مسکراتے رہے۔

خیال رہے کہ لطیف کھوسہ نے حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے، اس سے قبل وہ طویل عرصے سے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل رہے۔

عمران خان کا مقدمہ لڑنے پر انہیں پیپلز پارٹی نے شوکاز بھی جاری کیا تھا تاہم ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی میری جماعت ہے اور مجھے کوئی اس سے باہر نہیں نکال سکتا۔

بعد ازاں لطیف کھوسہ نے کہا عمران خان کی خواہش پر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو رہا ہوں۔ لطیف کھوسہ نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا رکھے ہیں۔

مزید خبریں :