ہر رات بکھرے سامان کو سمیٹ کر اپنی جگہ پر رکھنے والا انوکھا چوہا

ویسے تو چوہے گھر میں داخل ہو جائیں تو کافی تباہی مچاتے ہیں۔

مگر ویلز میں ایک ایسا انوکھا چوہا سامنے آیا ہے جو ایک شخص کے بکھرے ہوئے سامان کو سمیٹ کر ایک جگہ رکھنے کا کام کرتا ہے۔

جی ہاں واقعی یہ چوہا لگ بھگ 2 ماہ تک ہر رات بکھرے ہوئے سامان کو سمیٹ کر رکھ رہا ہے۔

وائلڈ لائف فوٹوگرافر روڈنی ہالبروک کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔

انہیں ایک دن اندازہ ہوا کہ وہ اپنا جو سامان میز پر بکھرا ہوا چھوڑ جاتے تھے وہ پراسرار طور پر راتوں رات اپنی جگہ پر پہنچ جاتا ہے۔

ویلز کے علاقے Powys سے تعلق رکھنے والے روڈنی ہالبروک نے اس کا راز جاننے کے لیے اپنے کام کی جگہ پر ایک نائٹ ویژن کیمرا لگایا۔

اس کیمرے نے جو ریکارڈ کیا اس نے فوٹوگرافر کو دنگ کر دیا۔

75 سالہ روڈنی ہالبروک نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ 'ایسا کئی ہفتوں سے ہو رہا ہے اور میں اسے ویلز کا صفائی پسند چوہا قرار دیتا ہوں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'پہلے مجھے اندازہ ہوا تھا کہ جو کھانا میں اپنے پرندوں کے لیے چھوڑ جاتا ہوں وہ ان پرانے جوتوں میں پہنچ جاتا ہے جو میری میز کے نیچے محفوظ ہیں، تو حقیقت جاننے کے لیے میں نے وہاں ایک کیمرا لگایا'۔

کیمرے کی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ ایک چوہا میز پر موجود سامان اکٹھا کرکے وہاں موجود ایک ٹرے میں رکھ دیتا ہے۔

اس دریافت کے بعد فوٹوگرافر نے مزید تجربات کرتے ہوئے مختلف اشیا کو وہاں چھوڑا تاکہ دیکھ سکیں کہ چوہا کیا کرتا ہے۔

اس چوہے نے ان اشیا کو بھی اکٹھا کیا یہاں تک کہ تاروں کو باندھنے کے لیے استعمال ہونے والی ٹائی کو بھی ٹرے میں رکھا۔

روڈنی ہالبروک نے بتایا کہ 'مجھے اس وقت یقین ہی نہیں آیا جب میں نے چوہے کو سامان کو سمیٹ کر رکھتے دیکھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس نے ہر طرح کی چیزوں کو ٹرے میں رکھ دیا، اس دریافت کے بعد اب میں میز پر بکھرے سامان کو سمیٹنے کا سوچتا بھی نہیں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ وہ اسے ٹھیک کر دے گا۔ میں اپنا سامان ٹرے کے باہر چھوڑ جاتا ہے اور وہ اسے اپنی جگہ پر رکھ دیتا ہے، 100 میں سے 99 بار چوہے نے رات میں یہ کام کیا'۔

چوہے کی یہ ویڈیو اب وائرل ہوچکی ہے۔

اس سے قبل 2019 میں برطانوی شہر برسٹل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص اسٹیو میکارز کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ ایک چوہا احاطے میں رکھے سامان کو 'ذخیرہ' کر رہا ہے۔

اسٹیو میکارز نے اس وقت صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہیں لگا تھا کہ وہ پاگل ہوگئے ہیں کیونکہ دھاتی سامان بار بار پرندوں کے کھانے کے ڈبے سے نکل رہا تھا۔

پھر انہوں نے کیمرا لگایا تو علم ہوا کہ ایک چوہا اس سامان کو ڈبے میں رکھ رہا تھا۔

مزید خبریں :