20 جنوری ، 2013
رحیم یار خان … سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسی کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے، صاف اور شفاف انتخابات پیپلزپارٹی کے حق میں ہیں۔ رحیم یارخان کے محمود اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اہم عہدے دیئے ہیں، جنوبی پنجاب صوبے سے کمیشن کی رپورٹ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی، جو لوگ نہیں چاہتے کہ جنوبی پنجاب کے عوام ترقی کرسکیں وہ رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بعض جماعتیں کہتی ہیں صدر کے ہوتے ہوئے انتخابات شفاف نہیں ہوں گے، ان جماعتوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف انتخابات پیپلزپارٹی کے حق میں ہیں، وہ کسی کو عام انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمودکا کہنا تھا کہ دعا کرنی چاہئے کہ آئندہ انتخابات بغیر کسی نقصان کے اپنے ٹائم پر منعقد ہوں اور 18 کروڑ عوام اپنا قیمتی ووٹ دیانتداری سے دیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ بحیثیت گورنر مراعات نہیں لیں گے۔