20 جنوری ، 2013
اسلام آباد … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ملک بھر میں ایک لاکھ 5 ہزار 86 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ان کے معاون عملے سمیت مستقل کرنے اور ریٹائرڈ ہو جانے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو پنشن دینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم نے ایک لاکھ 5 ہزار 86 لیڈی ہیلتھ ورکرز کومستقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ صوبوں، فاٹا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں کام کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے معاون عملے کو بھی مستقل کیا گیا ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق مستقل کئے جانے کا اطلاق یکم جولائی 2012ء سے کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے واجبات کی ادائیگی سمیت اس اقدام سے پڑنے والے مالی اثرات کے حوالے سے وفاقی حکومت کے صوبوں سے معاہدے کی بھی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم نے 2015ء کے بعد وفاقی مالی معاونت کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم نے ایسے ملازمین جو وفاقی حکومت کی فنانسنگ کے عرصے میں آتے ہیں کو ریٹائرمنٹ پر پنشن دینے کی بھی منظوری دی تاہم باقی مستقل کئے گئے ملازمین کومتعلقہ صوبائی حکومت اپنے قانون و ضوابط کے مطابق پنشن ادا کرے گی۔