کھیل
Time 26 جنوری ، 2024

ڈیوس کپ: بھارتی ٹینس ٹیم کو پاکستان آنے کیلئے ویزے جاری ہو گئے

بھارتی ٹیم میں سات کھلاڑی اور پانچ آفیشلز شامل ہوں گے، جبکہ بھارتی صحافیوں کو بھی ویزے جاری کیے گئے ہیں— فوٹو: فائل
بھارتی ٹیم میں سات کھلاڑی اور پانچ آفیشلز شامل ہوں گے، جبکہ بھارتی صحافیوں کو بھی ویزے جاری کیے گئے ہیں— فوٹو: فائل

ڈیوس کپ میں شرکت کیلئے بھارتی ٹینس ٹیم کو پاکستان آنے کیلئے ویزے جاری کر دیے گئے۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی ٹیم کو ویزے جاری کردیے جس کے بعد بھارتی ٹینس ٹیم کا ڈیوس کپ کیلئے پاکستان آنا یقینی ہوگیا ہے۔

بھارتی ٹینس ٹیم 28 جنوری کو دہلی سے اسلام آباد پہنچے گی، بھارتی ٹیم میں سات کھلاڑی اور پانچ آفیشلز شامل ہوں گے۔

ڈیوس کپ کی کوریج کیلئے بھارتی صحافیوں کو بھی ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ  بھارت نے پاکستان میں نہ کھیلنے کیلئے سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنایا تھا جس پر  گزشتہ برس دسمبر کے اواخر میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ ٹائی پر پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے بھارت کی اپیل مسترد کردی تھی۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے آزاد ٹربیونل نے فیصلہ سنایا کہ ڈیوس کپ ٹائی پاکستان میں ہوگی۔

بھارت، پاکستان میں عام انتخابات اور سکیورٹی کو بنیاد بناکر ڈیوس کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتا تھا اور اس سے قبل  بھی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھارتی مؤقف کو تسلیم نہیں کیا تھا۔

پاکستان نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملک میں سکیورٹی صورتحال کاکوئی مسئلہ نہیں، دیگر ٹیمیں پاکستان میں آکر کھیل رہی ہیں۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے آزاد ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں کہاکہ پاکستان میں ڈیوس کپ نہ کھیلنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں، پاکستان میں سکیورٹی صورتحال ایسی نہیں کہ میچ نہ ہوسکیں۔

مزید خبریں :