کیا سوشل میڈیا لوگوں کی شادیوں میں رکاوٹ ہے؟ ژالے سرحدی کی وضاحت

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی—فوٹو: ژالے سرحدی/انسٹاگرام
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی—فوٹو: ژالے سرحدی/انسٹاگرام

نامور پاکستانی ماڈل و اداکارہ ژالے سرحدی کا کہنا ہےکہ سوشل میڈیا آج کل لوگوں کی شادیوں میں بڑی رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ سوشل میڈیا پر بہت خوش نظر آتی ہیں تو کیا اصل زندگی میں بھی اتنی ہی خوش رہتی ہیں؟

جواب میں ژالے نے کہا کہ خوشیاں بانٹنے سے بڑھتی ہیں اس لیے میں اپنے خوشگوار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہوں، زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن جب میں اداس یا پریشان ہوتی ہوں تو ایسے لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتی۔

شادیوں اور تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میرے شوہر کہتے ہیں کہ آج کل شادیاں سوشل میڈیا کی وجہ سے نہیں ہورہیں جس پر مجھے ان کی یہ بات کافی عجیب لگی۔

اداکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ آج کل سوشل میڈیا پر خواتین کی اتنی تعریفیں کی جاتی ہیں کہ وہ خود کو بہت اعلیٰ اور خوبصورت سمجھتی ہیں اس لیے وہ آنے والے ہر رشتے کو یہ سوچ کر مسترد کردیتی ہیں کہ ان کے پاس بہت آپشنز ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی شادیاں نہیں ہو رہیں یا ان میں تاخیر ہو رہی ہے۔

ژالے کا کہنا تھا کہ آج کل لوگوں کے پاس آپشنز بہت ہیں، میزبان نے بھی اداکارہ کی بات کی تائید کی اور کہا لوگ بہتر سے بہترین کی تلاش میں اچھا بھی کھو دیتے ہیں۔

مزید خبریں :