01 فروری ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ اسکولز کی نئے سرے سے رجسٹریشن کرنے اور نجی اسکولوں کو بچوں کیلئے بسیں خریدنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کیلئے درخواستوں پر تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پرائیویٹ اسکولوں کی نئے سرے سے رجسٹریشن کرنے اور بچوں کے لیے بسیں خریدنے کی ہدایت ہے، پرائیویٹ اسکولوں کے 50 فیصد بچےگھر تا اسکول ان بسوں پر سفر کریں گے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2 سال قبل محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پرائیویٹ اسکولوں کیلئے بسیں خریدنےکا کہا گیا تھا لیکن محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس حکم پر عملدرآمد نہیں کروایا۔
اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے اسلام آباد لاہور موٹر وے پر کھجور کے درخت لگانے سے روکتے ہوئے موٹروے، محکمہ جنگلات، پی ایچ اے اور نیشنل ہائی وے اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ہدایات دیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل ممبر کے مطابق چھتوں پر پودے لگانے کی مہم شروع ہو چکی ہے، کالجز کی چھتوں پر پودے اور گارڈن بنائے جا رہے ہیں۔
عدالت نے جوہر ٹاؤن میں محکمہ ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی ستھرائی کے احکامات بھی جاری کیے اور حکم دیا کہ ایکسپو سینٹر کے گرد صفائی ستھرائی کے بعد پودے لگائے جائیں۔