23 جنوری ، 2013
کراچی … مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر اور رکن سندھ اسمبلی شہریار مہر سمیت کئی رہنماوٴں نے مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے اپنی اور ق لیگ کے دیگر 46 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ضلع ناظمین اور علاقائی رہنماوٴں کی فنکشنل لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پیر پگارا نے کہا کہ فوج کے بغیر الیکشن آسانی سے نہیں ہوں گے ، کوشش کریں گے کہ آئندہ انتخابات کے بعداتحادیوں سے مل کرسندھ میں حکومت بنائیں۔ پیر پگارانے کہا کہ جس طرح لوگ مل رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ آئندہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں کی حکومت بنے گی۔ ایک سوال پر پیر پگارا کا کہنا تھا کہ سندھ پنجاب اور بلوچستان سے کئی اہم لوگ الیکشن سے پہلے فنکشنل لیگ میں شامل ہوں گے، لیکن اگلی باری پھر زرداری کا نعرہ بھی اچھا ہے۔