23 جنوری ، 2013
لاہور … سندھ کے بعد لاہور سمیت پنجاب میں بھی خسرہ نے پنجے گاڑھ لئے، لاہورمیں آج خسرہ میں مبتلا 2 بچے دم توڑ گئے۔ محکمہ صحت پنجاب کا ماننا ہے کہ پنجاب میں دسمبر اور جنوری کے دوران خسرے کے 1500 کیسز سامنے آچکے ہیں، لیکن وہ کہتے ہیں کہ صورتحال سندھ جیسی نہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں کو خسرہ نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، لاہور کے 2 اسپتالوں میں آج 2بچے خسرہ کے باعث دم توڑ گئے، ایک سالہ نبی احمد گوجرانوالہ کا رہائشی تھا، والدین اسے خسرہ کے باعث چلڈرن اسپتال لائے، جہاں وہ دم توڑ گیا، 10سالہ واصف میو اسپتال میں زیرِعلاج تھا۔ ذرائع کے مطابق میو اسپتال میں مزید 10 اور چلڈرن اسپتال میں 40 بچے زیرِ علاج ہیں۔ ادھر ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نثار چیمہ نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب میں 2 ماہ کے دوران خسرہ کے 1500 کیسز سامنے آ ئے، ان میں سے 600 صرف لاہور میں رپورٹ ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سندھ جیسی صورتحال نہیں، کسی اور بیماری کی وجہ سے دم توڑنے والے بچوں کو بھی خسرہ سے جوڑا جا رہا ہے۔