12 فروری ، 2024
کراچی میں مبینہ طور پر بلڈر اور اس کے بیٹوں نے پانی کی لائن کھودنے سے روکنے پر اہل محلہ پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ناظم آباد نمبر3 میں پیش آیا جہاں اہل محلہ کی جانب سے بلڈرز اور اس کے بیٹوں کو پانی کی لائن کھودنے سے روکا گیا تھا جس کے بعد جھگڑا بڑھنے پر ایک بھائی گولی لگنے سے جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد بلڈر اور اس کا ایک ساتھی گرفتار کرلیا گیا جب کہ 2 ملزمان فرار ہو گئے۔
دوسری جانب کورنگی اور پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے، نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے باپ بیٹا زخمی ہوگئے۔
مزید برآں صفورا اور یوپی موڑ کے قریب فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔