دنیا
Time 15 فروری ، 2024

پاکستان پر حالیہ انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے: امریکا

نجی اور عوامی سطح پر رابطوں میں پاکستانی حکومت اور سیاست دانوں پر واضح کرچکے ہیں کہ عوامی خواہشات کا احترام کریں: امریکی ترجمان—فوٹو:فائل
نجی اور عوامی سطح پر رابطوں میں پاکستانی حکومت اور سیاست دانوں پر واضح کرچکے ہیں کہ عوامی خواہشات کا احترام کریں: امریکی ترجمان—فوٹو:فائل

امریکی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان پر حالیہ انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

واشنگٹن میں بریفنگ دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرن جین پیئر نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن پاکستان میں ہونے والے انتخابات سے آگاہ ہیں اور جانتے ہیں کہ پاکستانی انتخابات میں خواتین اور نوجوانوں سمیت لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے کیلئے نکلے ہیں۔

کیرن جین پیئر نے کہا کہ نجی اور عوامی سطح پر رابطوں میں پاکستانی حکومت اور سیاست دانوں پر واضح کرچکے ہیں کہ عوامی خواہشات کا احترام کریں اور انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنائیں، جو بہت اہم اور ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ہم خیال جمہوریتوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر کرتا ہے ۔ پاکستانی عوام کی رائے کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان میں انتخابات پر الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے میتھیو ملر نے کہا کہ صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا میں کہیں بھی ایسے الزامات کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے، اسی لیے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں، مخلوط حکومت پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، مخلوط حکومت کا فیصلہ امریکا کو نہیں پاکستان کو کرنا ہے۔

مزید خبریں :