24 جنوری ، 2013
لاہور…قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ انتخابات کاعمل60دن میں مکمل کرلیاجائے،لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابی مہم کیلئے کم سے کم دن رکھے جائیں،الیکشن 60 کے بجائے 90 دن میں کرانا قوم کیساتھ مذاق ہوگا۔نئے صوبوں کے حوالے سے چوہدری نثار نے کہا کہ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں مخلص نہیں ہے۔سیف الدین کھوسہ کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ سیف الدین کھوسہ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پرحیرانی ہوئی،کھوسہ فیملی میں اختلافات ہوئے،سیف الدین نافرمان ہوگئے ۔صوبوں میں گورنرز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں سیاسی گورنرہیں،بلوچستان میں مسلم لیگ(ق)اورسندھ میں ایم کیوایم کے سیاسی گورنرہیں جبکہ خیبرپختونخواکے گورنرپی پی کے،پنجاب کے گورنرہرسیاسی جماعت کے ہیں،تاہم پنجاب کی نگراں حکومت گورنرکوگھربھیجے گی۔انہوں نے اس ارادے کا بھی اظہار کیا کہ ہمیں اقتدارملاتوکراچی،کوئٹہ میں حالات،دہشتگردی اورمعیشت پراہم فیصلے کرینگے۔