24 جنوری ، 2013
کراچی … مسلم لیگ نواز سندھ کے صدر غوث علی شاہ کا کہناہے کہ وفاقی اور سندھ حکومت امن وامان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے، انہیں مستعفی ہوجانا چاہئے۔ کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر دیگر رہنماوٴں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غوث علی شاہ نے میاں تیمور اور ان کے والد کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں اور کارکنوں کو مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس مسلح ونگز ہیں، جب تک مسلح ونگز ختم نہیں ہوں گے امن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومت امن وامان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے، امن وامان کی ناکامی پر حکومت مستعفی ہوجائے۔ غوث علی شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں استعفیٰ دینے کا رواج نہیں، حکمرانوں کو گھسیٹ کر نکالنا پڑتا ہے ۔