24 جنوری ، 2013
لاہور … لاہورہائیکورٹ نے مختلف محکموں سے ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تقرریوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور ایف آئی اے حکام سے 29 جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت عالیہ نے ایف آئی اے افسران کی جانب سے مخصوص محکموں کے علاوہ دیگر غیر متعلقہ محکموں سے ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر آنے والوں کے خلاف رٹ پٹیشن پر حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ ایف آئی اے کے متعدد افسروں کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ قانون کے تحت ایف آئی اے میں صرف 6 محکموں سے افسرو ں کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جاسکتا ہے مگر دیگر کئی محکموں سے آنے والے غیر متعلقہ افسروں کی تعیناتی سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ اس وقت ایف آئی اے میں 104 افسر اور انسپکٹر ڈیپوٹیشن پر آئے ہیں جن میں 57 انسپکٹرز، 22 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور 25 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز شامل ہیں۔