Time 21 فروری ، 2024
پاکستان

پاک افغان سرحد پرآباد قبائل کو پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی سےاستثنٰی دیاجائے: محمود اچکزئی

فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

چمن: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ  محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا ہےکہ پاک افغان سرحد  پر آباد قبائل کو  پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی سے مستثنیٰ قرار  دیا جائے۔

چمن میں باب دوستی  پر دھرنے سے خطاب میں  محمود خان اچکزئی نےکہا کہ ہم پاکستان اور افغانستان کے درمیان ویزا پاسپورٹ پر آمدورفت کےخلاف نہیں، پاک افغان بارڈر  پر ہماری آدھی زمین اور قبرستان دوسری طرف ہے، ایسے میں کیا روزانہ  ہزاروں افراد کا ویزا پاسپورٹ  پر آنا جانا ممکن ہے؟ 

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ  4 ماہ سے زائد عرصے سے 40 ہزار لوگ  سرد موسم میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں،4 ماہ سے افغانستان اور سینٹرل ایشیا کے لیے تجارت معطل ہے، بلوچستان کےکئی اضلاع کے 3 لاکھ افرادکا روزگار  بند ہوگیا ہے۔

سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ  ہم ایک طاقتور  اور مضبوط پاکستان دیکھنا  چاہتے ہیں، عوام کے ووٹوں سے منتخب  پارلیمنٹ اور  آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں، عوام کی طاقت پر بھروسہ کیا جائے، عقل سلیم کا تقاضہ ہےکہ  اکثریتی  پارٹی کو حکومت  بنانے دیا جائے۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن  اور  آراوز  سے مطالبہ  ہے ضمیرکا سودا نہ کریں، آر اوز  عدالت میں جا کر اصل نتائج والا فارم بتادیں۔

مزید خبریں :