22 فروری ، 2024
پاکستان نے بھارتی قید میں موجود حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کو گرین پاسپورٹ جاری کر دیا۔
سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر فاروق نے خارجہ امور کے افسران اور کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی کی آخری میٹنگ ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی بربریت سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی بیوی مشعال ملک کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ دوحا فورم میں اس بار افغانستان نے شرکت نہیں کی، افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا، اس حوالے سے افغانستان کے ساتھ روابط جاری ہیں اور دہشتگردی کے تدارک کےلیے افغانستان سے بات چیت ہوتی ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کے تدارک کے لیے ہم ڈی جی ایم او کے ذریعے افغانستان سے بات کرتے ہیں، افغانستان سے ملا شیریں اور ان کے ڈی جی ایم او کا نمائندہ ہوتا ہے، افغانستان کو بتایا گیاکوئی دہشتگردی ہوتی ہےتو کم ازکم مذمت کی جائے، 5 لاکھ افغان مہاجرین کی واپسی مکمل ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ سیکرٹری خارجہ نے اجلاس مین مزید کہا کہ روس اور یوکرین دونوں سے اچھے تعلقات ہیں، اسٹاک ہوم میں ہمارا ایک افسر اپنے گھر سے ویزا جاری کرتا تھا، اسے واپس بلا لیا تھا اب وہ ایف آئی اے کی تحویل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ماسکو سے آیا ہوں وہ پاکستان کے بارے میں اچھے خیالات رکھتے ہیں، روس طالبان کو تسلیم کرنے جارہا ہے اور بریکس کی ممبر شپ کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔