Time 28 فروری ، 2024
پاکستان

ن لیگ نے پنجاب ہاؤس میں آج اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس بلالیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس بلالیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، ق لیگ اور استحکامِ پاکستان پارٹی کی قیادت سے ملاقات کریں گے، اتحادی پارلیمانی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بھی ہوگا جبکہ ن لیگ اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دے گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر صدر، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو منتخب کریں گے، چاہتے ہیں کہ جے یو آئی نہ صرف بلوچستان بلکہ وفاق میں بھی ساتھ چلے۔

واضح رہے کہ  مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی 28 فروری کو پنجاب ہاؤس میں  طلب کیا ہوا ہے۔

پارٹی ذارئع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 28 فروری 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس کی صدارت پارٹی قائد نواز شریف کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے کی توثیق کی جائے گی اور اس دوران 29 فروری کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

مزید خبریں :