Time 01 مارچ ، 2024
پاکستان

مولانا نے کچھ ایسی باتوں کی جانب اشارہ کیا جنہیں بالکل جائز سمجھتے ہیں: رانا ثنا اللہ

مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی رہنمائی لیتے رہے ہیں، آج بھی ان کے ساتھ بڑی مثبت بات چیت ہوئی ہے: ن لیگی رہنما کی میڈیا سے گفتگو— فوٹو: فائل
مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی رہنمائی لیتے رہے ہیں، آج بھی ان کے ساتھ بڑی مثبت بات چیت ہوئی ہے: ن لیگی رہنما کی میڈیا سے گفتگو— فوٹو: فائل

اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے ایک اور ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی رہنمائی لیتے رہے ہیں، آج بھی ان کے ساتھ بڑی مثبت بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے جمعے یا ہفتے کو دوبارہ رابطہ ہوگا، مولانا نے کچھ باتوں کی طرف اشارہ کیا ہے جو ہم سمجھتے ہیں کہ بالکل جائز ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بعض اوقات کچھ چیزیں وقت پر نہ کرنے سے غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں، ہم اپنی قیادت سے بات کر کے ان باتوں کا ازالہ کریں گے۔

خیال رہے کہ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم ووٹ کا حق استعمال نہیں کریں گے، اپوزیشن میں بیٹھیں گے، جے یو آئی وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں شریک نہیں ہو گی۔

نواز شریف سے ملاقات سے متعلق سوال پر سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا ابھی نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی، رات کو وفد آیا تھا جس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور آئی پی پی کے نمائندے شامل تھے، ان کے ساتھ اچھی گفتگو ہوئی،ان سے ہماری بے تکلفی تو ہے۔

مزید خبریں :