26 جنوری ، 2013
پشاور…نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اگر کراچی میں انتخابی فہرستوں کی فوج کی مددسے شفاف تصدیقی عمل میں حکومتی حلیف جماعت کی مداخلت ختم نہ کرائی گئی تو کراچی کے بعد اگلا دھرنا اسلام آباد میں دیاجائیگا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق وٹر لسٹوں کی تصدیق کے کام میں فوج کی عدم شرکت اور سیاسی جماعت کے کارکنوں کی مداخلت کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کے تحت الیکشن کمیشن سندھ کے باہر دھرنے میں جماعت اسلامی،مسلم لیگ نواز ،تحریک انصاف،جمعیت علماء اسلام( ف)،سنی تحریک، جمعیت علماء پاکستان،عوامی تحریک،سندھ نیشنل موومنٹ سمیت دیگر جماعتیں شریک ہیں۔ دھرنے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وٹرلسٹوں کی تصدیق کے عمل میں حکومت میں شامل اتحادی جماعت کی مداخلت ختم کرائی جائے اور فوج کی نگرانی میں گھر گھر جا کر ووٹر لسٹوں کی تصدیق کرائی جائے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی کو سیاسی اور معاشی دہشت گردوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے امید ہوئی تھی کہ کراچی میں شفاف انتخابات ہوسکیں گے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کو عالمی ایجنڈے کے تحت فکس کیا جارہا ہے۔کراچی کے دھرنے میں مطالبات پورے نہ ہوئے تو اگلا دھرنہ اسلام آباد میں دیں گے۔ الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھرنا 28 جنوری تک جارہی رہے گا۔