Time 06 مارچ ، 2024
پاکستان

نتائج کے اعلان میں تاخیر نے الیکشن ساکھ پر سنگین سوالات کو جنم دیا: پلڈاٹ رپورٹ جاری

عام انتخابات 2024 میں سب سے کم منصفانہ اسکور ریکارڈ کیا گیا، یہ پچھلے انتخابی ادوار کے مقابلے میں شفافیت کے اسکور میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے: پلڈاٹ__فوٹو: فائل
عام انتخابات 2024 میں سب سے کم منصفانہ اسکور ریکارڈ کیا گیا، یہ پچھلے انتخابی ادوار کے مقابلے میں شفافیت کے اسکور میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے: پلڈاٹ__فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے پاکستان میں عام انتخابات 2024 پر اپنی جائزہ رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 میں سب سے کم منصفانہ اسکور ریکارڈ کیا گیا، یہ پچھلے انتخابی ادوار کے مقابلے میں شفافیت کے اسکور میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قبل از پولنگ مرحلے کے دوران انتخابات کے شیڈول میں کافی تاخیر اور سیاسی جبر دیکھا گیا، قبل از پولنگ مرحلے میں نگران حکومت کی جانب سے غیر جانبداری کا فقدان دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال رہی، موبائل بندش نے انتخابی عمل میں عوام کی شرکت کے لیے بھی مشکلات پیدا کیں، فارم 45 اور فارم 47 کے درمیان بڑے پیمانے پر تفاوت کے الزامات نے بھی انتخابات کی ساکھ کے بارے میں خدشات کو بڑھا دیا۔

پلڈاٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر فارم 45،46،48اور 49 کی اشاعت میں تاخیر کی گئی، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 95(10) کی خلاف ورزی نے الیکشن کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچایا۔

رپورٹ کے مطابق پولنگ کے دن موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی نے صرف الیکشن مینجمنٹ سسٹم (EMS) سے سمجھوتہ کیا، پولنگ مکمل ہونے کے بعد طے شدہ وقت سے زیادہ عارضی نتائج کے اعلان میں تاخیر نے انتخابات کی ساکھ پر سنگین سوالات کو جنم دیا۔

پلڈاٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ 25 دنوں تک ایک بڑا تنازع بنی رہی جب کہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں الاٹ کی گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پری پول مرحلے کے لیے تشخیص کا اسکور 50 فیصد تھا جو 2013 کے 62 فیصد کے اسکور سے نمایاں طور پر کم ہے، الیکشن کے دن پولنگ کے عمل کا اسکور 58 فیصد رہا، یہ 2018 کے اسکور سے کم تھا جو 64 فیصد تھا جب کہ پولنگ ڈے کا مرحلہ، ووٹنگ، پولنگ عملے کی کارکردگی اور پولنگ اسٹیشنز کا معیار 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ خراب ہے، مجموعی طور پر عام انتخابات 2024 کے معیار نے 49 فیصد اسکور کیا ہے، معیار کا اسکور نہ صرف 50 فیصد سے کم ہے بلکہ پچھلے 2 انتخابات کے مجموعی اسکور سے بھی کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق ووٹوں کی گنتی، نتائج مرتب کرنا، ٹرانسمیشن، استحکام، عارضی نتائج کا اعلان اور انتخابات کے بعد کے عمل کو کم از کم 40 فیصد اسکور ملا، الیکشن کمیشن 2024کے عام انتخابات میں ہونے والی بےضابطگیوں کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے، الیکشن کمیشن عبوری نتائج کی ترسیل، استحکام اور اعلان میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرے۔

مزید خبریں :